رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنرظہیر انور جپہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق جاری صاف پانی پروگرام کے تحت تحصیل خانپور میں قائم میگا واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری پیش رفت، پیداواری استعداد اور عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر صاف پانی پراجیکٹ کے متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت تحصیل خانپور کے 34 ایسے دیہات، جہاں عوام کو پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر نہیں، وہاں صاف پانی اتھارٹی کی جانب سے جدید اور منظم نظام کے تحت ڈور ٹو ڈور 19 لیٹر صاف پینے کے پانی کی بوتلیں فراہم کی جائیں گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کا مقصد دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش پینے کا پانی ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے تاکہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خاتمہ اور عوام کی صحت کا بہتر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے منصوبے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے پانی کی فلٹریشن، کوالٹی کنٹرول، پیکنگ اور ترسیل کے نظام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو اعلیٰ معیار کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور صاف پانی پروگرام انہی عوام دوست اقدامات کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل خانپور میں جلد ڈور ٹو ڈور صاف پانی کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا، جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہوں گے اور انہیں پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی سہولت ان کی دہلیز پر دستیاب ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس منصوبے کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو بلا تعطل معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔
