آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی زیر صدارت ریجنل کرائم ریویو و انوسٹی گیشن میٹنگ کا انعقاد

Spread the love

رحیم یارخان /بہاولپور
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی زیر صدارت ریجنل کرائم ریویو و انوسٹی گیشن میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب، ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران، ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سمو نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ تینوں اضلاع کے ایس پی انوسٹی گیشنز، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پیز لیگل، اے ڈی آئی جی آر پی او آفس بہاولپور محمد یونس، انچارج آئی ٹی اور ریڈر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت، کیس ڈائریوں کی بروقت اور معیاری تکمیل، سپلیمنٹری بیانات کو کیس ڈائری کے ساتھ منسلک کرنے، ہائی کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد، لاپتہ بچوں اور خواتین کے مقدمات، سال 2015 تا 2025 کے تمام زیرِ تفتیش مقدمات کے آڈٹ اور دفعہ 173 ضابطہ فوجداری کے تحت چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب جوڈیشل کونسل (PJC) کے فیصلوں پر عملدرآمد، تعلیمی اداروں میں خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام، لسٹ ایف مقدمات، ضلع رحیم یار خان میں پتن منارہ کے مقام پر نئے تھانے کے قیام اور پولیس خدمت مراکز کے سٹیزن فیڈبیک مانیٹرنگ پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مزید برآں اجلاس میں ریجن بھر میں قتل، اقدام قتل، زیادتی، ڈکیتی، راہزنی، گاڑی چھیننے، گاڑی چوری اور نقب زنی کے مقدمات کے اعدادوشمار کا تقابلی جائزہ لیا گیا اور جرائم میں کمی لانے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولیس خدمت مراکز میں شہریوں کے فیڈبیک، ڈیٹا انٹری کے معیار اور منفی فیڈبیک میں کمی کے حوالے سے بھی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر جلد از جلد یکسو کیا جائے، کیس ڈائریوں اور چالانوں میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے لاپتہ بچوں اور خواتین کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے، سنگین جرائم کی مؤثر تفتیش، عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد اور شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ کارکردگی، احتساب اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں