رحیم یار خان
ڈسڑکٹ بیوروچیف
(آصف محمود )
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تحصیل لیاقت پور کے موضع بیٹ پرارہ، دریائے سندھ کے بیٹ میں واقع زمیندارہ بند میں پڑنے والے شگاف کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور امدادی و حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور غلام مرتضیٰ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر عادل رحمٰن، متعلقہ محکموں کے افسران، ریسکیو ٹیمیں اور دیگر اداروں کے نمائندگان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دریائی بیٹ میں موجود تمام آبادیوں کے محفوظ انخلاء کو اولین ترجیح دی جائے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے قبل شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات تیز کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے مطابق آئندہ دنوں دریائے سندھ اور دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے، لہٰذا دریا کے اندر آباد تمام مکین فوری طور پر اپنے اہل خانہ، مویشیوں اور قیمتی سامان سمیت محفوظ مقامات یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل ہو جائیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122، پیرا فورس، پولیس، ستھرا پنجاب ورکرز، محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور مقامی آبادی کے انخلاء کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حساس اور خطرے سے دوچار مقامات پر موجود ایسے افراد جو نقل مکانی سے گریز کر رہے ہیں، انہیں پولیس اور دیگر اداروں کی معاونت سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے دریائی علاقوں کے مکینوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں تلقین کی کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں، افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات اور امداد کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے موضع چوہان دریائے سندھ منچن بند پر قائم فلڈ ریلیف کیمپوں کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے قائم کیمپوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات، ریسکیو مشینری، طبی امداد، ادویات، ایمبولینس سروس، جانوروں کے علاج معالجہ اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فلڈ ریلیف کیمپوں کو مکمل فعال رکھا جائے اور تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
