ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث تحصیل لیاقت پور کے دریائی بیٹ میں واقع موضع بیٹ پرارہ کا دورہ

Spread the love

رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث تحصیل لیاقت پور کے دریائی بیٹ میں واقع موضع بیٹ پرارہ کا دورہ کیا، جہاں زمیندارہ بند میں پڑنے والے شگاف کے نتیجے میں متاثرہ بستیوں میں جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور غلام مرتضیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122، پیرا فورس، ستھرا پنجاب، محکمہ مال اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکار متاثرہ علاقوں میں مسلسل موجود ہیں اور مکینوں کے قیمتی سامان، گھریلو اشیاء اور مال مویشیوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی میں بھرپور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دریائی بیٹ میں واقع بیشتر آبادیوں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ صرف چند گھروں میں مرد افراد سامان کی حفاظت کے لیے موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ دریائے سندھ منچن بند موضع چوہان اور چاچڑاں شریف خانپور کے مقام پر تحصیل انتظامیہ کی جانب سے قائم فلڈ ریلیف کیمپوں کا بھی دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں فی الوقت کسی بڑے سیلابی خطرے کی صورتحال نہیں، تاہم دریائے سندھ میں تین لاکھ کیوسک سے زائد پانی کا بہاؤ نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا کیے ہوئے ہے اور آئندہ دنوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر دریا کے اندر واقع تمام آبادیوں کو مرحلہ وار محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہ کر انخلا کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے۔ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں ریسکیو 1122، پیرا فورس، ستھرا پنجاب، محکمہ صحت، محکمہ لائیو اسٹاک، محکمہ انہار، محکمہ مال اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکار بنیادی ادویات، امدادی سامان، ہیوی مشینری، ریسکیو بوٹس اور دیگر ضروری سہولیات کے ساتھ ہمہ وقت موجود ہیں تاکہ متاثرہ شہریوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے موضع چوہان اور چاچڑاں شریف منچن بند پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہیلتھ کیمپس میں وبائی امراض سے بچاؤ کی ادویات، سانپ کے کاٹنے کی ویکسین اور دیگر ضروری طبی سہولیات ہر وقت دستیاب رکھی جائیں۔ انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی ویکسینیشن کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے چوبیس گھنٹے صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں