سینیٹر مشاہد حسین سید کی سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال اور بیگم عشرت اشرف سے ملاقات،

Spread the love

رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف:
میاں طالب حسین

سینیٹر مشاہد حسین سید کی سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال اور بیگم عشرت اشرف سے ملاقات، ملکی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
رحیم یار خان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر مرکزی راہنما سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال کی رہائش گاہ پر ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی، جہاں سابق وفاقی وزیر اطلاعات، چیئرمین پاک چائنا انسٹی ٹیوٹ اور پاک افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنی فیملی کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر کنونئیر ویمن پارلیمانی کاکس کمیٹی و رکن پنجاب اسمبلی بیگم عشرت اشرف بھی موجود تھیں۔
ملاقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، معاشی چیلنجز، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، پاکستان کے خارجہ تعلقات، چین اور افریقی ممالک کے ساتھ تعاون، علاقائی امن، ترقیاتی منصوبوں اور قومی یکجہتی سمیت اہم قومی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، سی پیک کی اہمیت اور مستقبل میں اقتصادی و سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کو مضبوط سفارتی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینی چاہیے۔
اس موقع پر سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو ملک کی بہتری کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنا چاہیے۔
بیگم عشرت اشرف نے خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے شعبوں میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خواتین کی مؤثر نمائندگی اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کے لیے اپنی مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گے۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کی تواضع کی گئی اور یادگاری تصاویر بھی بنائی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں