رحیم یار خان
آصف محمود
( سٹی بیوروچیف)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ رحیم یار خان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی و ریسکیو سرگرمیاں پوری تندہی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر قیادت اور اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور غلام مرتضیٰ کی نگرانی میں تحصیل لیاقت پور کے سیلاب سے متاثرہ مواضعات بیٹ پرارہ، گل محمد لنگاہ اور چوہان میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب کے ہیروز، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر متاثرہ آبادی کی مدد اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے عمل میں مصروف ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نشیبی علاقوں میں موجود خاندانوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں کشتیوں اور دیگر دستیاب وسائل کے ذریعے متاثرہ افراد کو نکال رہی ہیں، جبکہ ستھرا پنجاب کے ورکرز اور مشینری عوامی انخلاء، سامان کی منتقلی اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں اور کسی بھی شہری کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ متاثرین کو خوراک، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور غلام مرتضیٰ موقع پر موجود رہ کر امدادی و ریسکیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کے ذریعے انخلاء کے عمل کو تیز اور منظم بنایا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں، غیر ضروری طور پر سیلابی علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
