راجپوت برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا میری اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر رانا محمد سرور

Spread the love

رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف:
میاں طالب حسین
راجپوت اتحاد پاکستان، ضلع رحیم یار خان کے سینیئر وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر رانا محمد سرور نے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح راجپوت برادری کو ایک مضبوط اور متحد پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ برادری کے اجتماعی مسائل کو باہمی مشاورت اور اتحاد کے ذریعے مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا محمد سرور نے کہا کہ جتنے زیادہ لوگ اس اتحاد کا حصہ بنیں گے، اتنا ہی یہ قافلہ مضبوط ہوتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برادری کے اتحاد اور باہمی رابطے ہی ترقی اور کامیابی کی ضمانت ہیں، اسی مقصد کے لیے وہ مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں راجپوت اتحاد پاکستان کا وفد فیصل آباد گیا تھا، جہاں برادری کو درپیش مختلف مسائل کو اعلیٰ قیادت کے سامنے بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ اس وفد میں ڈویژنل و سٹی صدر راجپوت اتحاد پاکستان رانا محمد منظور حسین خان، رانا سمیع اللہ، رانا شہباز اور رانا عبداللہ سمیت دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈاکٹر رانا محمد سرور نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب راجپوت برادری ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اپنی اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور ہر فرد اپنی ذمہ داری احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے برادری کی فلاح و بہبود میں کردار ادا کرے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ راجپوت اتحاد پاکستان کی جانب سے بہت جلد رحیم یار خان شہر میں ایک کنونشن منعقد کیا جائے گا، جس میں ضلع بھر سے راجپوت برادری کے افراد، سماجی شخصیات اور تنظیمی عہدیداران شرکت کریں گے۔ کنونشن میں برادری کو درپیش مسائل، ان کے ممکنہ حل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر میڈیا کے ذریعے پوری راجپوت برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور راجپوت اتحاد پاکستان کے پلیٹ فارم پر متحد ہوں تاکہ برادری کے اجتماعی مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، منظم اور باوقار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں