رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تحصیل خانپور میں دریائے سندھ کے دریائی علاقے چاچڑاں شریف کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خانپور افضل سکھیرا نے ڈپٹی کمشنر کو سیلابی صورتحال، ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن اور متاثرہ آبادی کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کی ٹیموں کے ہمراہ امدادی سرگرمیوں میں عملی طور پر حصہ لیا اور بذریعہ کشتی زیرِ آب آنے والے علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں اپنی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر فوری طور پر محفوظ مقامات یا ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل ہونے کی تلقین کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے جاری ریسکیو آپریشن کا خود جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم سیلاب متاثرین میں کھانا تقسیم کیا اور انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت بروقت فراہم کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں اور کسی بھی متاثرہ خاندان کو امداد کی فراہمی میں غفلت یا تاخیر نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں ادویات، صاف پینے کے پانی، خوراک، جانوروں کے چارے، لائیو سٹاک کی ادویات، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی ضروریات کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ متاثرہ افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہیں اور سیلاب متاثرین کی جان و مال کے تحفظ، بروقت امداد اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری طور پر خطرناک مقامات پر نہ جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
