ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت میونسپل سروسز، محکمانہ امور اور حکومت پنجاب کی جانب سے جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ

Spread the love

رحیم یار خان
(آصف محمود)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت میونسپل سروسز، محکمانہ امور اور حکومت پنجاب کی جانب سے جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسرز، ضلعی و تحصیل سطح کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے افسران کو عوامی خدمت کی ذمہ داریاں سونپی اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، لہٰذا تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں سے براہ راست ملاقات کو معمول بناتے ہوئے ان کی شکایات کا بروقت ازالہ اور ہر درخواست پر مؤثر فالو اپ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنے ماتحت عملے کے رویوں کی مسلسل نگرانی، دفاتر میں احتساب کا مؤثر نظام قائم کریں اور شہریوں کو غیر ضروری تنگ کرنے یا مسائل کے حل میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں میونسپل سروسز کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں تمام سیوریج مین ہولز سو فیصد کور ہونے چاہئیں جبکہ ”ستھرا پنجاب” کی انسپکشن ٹیمیں روزانہ کمزور یا غائب مین ہول کورز کی نشاندہی کریں اور متعلقہ ادارے ان کی فوری مرمت و تنصیب یقینی بنائیں۔ انہوں نے آوارہ سگاں مہم میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ناقابل برداشت قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے مون سون بارشوں کے پیش نظر ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں، ہسپتالوں، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈز، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے اور انتظامی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گرین الیکٹرک بس سروس وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے، اس پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ حکومت کی جانب سے مکمل کیے گئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی دیکھ بھال، مرمت اور مؤثر آپریشن بھی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تجاوزات اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری کارروائیاں مزید مؤثر بنانے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر کے ذریعے عوام کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ گرین بیلٹس کے تحفظ اور وال چاکنگ کے مکمل خاتمے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگست کے دوران چہلم حضرت امام حسینؓ، یومِ استحصال کشمیر، اقلیتی دن، آزادی کی تقریبات اور بارہ ربیع الاول کی تقریبات منعقد ہوں گی، لہٰذا تمام متعلقہ محکمے پیشگی اور جامع انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چہلم کے دوران متوقع بارشوں کے پیش نظر جلوسوں کے تمام روٹس کلیئر رکھے جائیں اور بارہ ربیع الاول کی تقریبات کے لیے بھی مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز تحصیل سطح پر امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز واٹر فلٹریشن پلانٹس اور مثالی دیہات کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور ان کا مؤثر چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھیں۔ دیہات، قصبوں اور محلہ جات کی سطح پر عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ سیوریج، مین ہول کورز، واٹر سپلائی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات براہ راست انتظامیہ تک پہنچ سکیں اور بروقت کارروائی کے ذریعے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے براہ راست رابطہ ہی اداروں کی کارکردگی اور سرکاری ملازمین کے رویوں میں بہتری کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ماڈل بازار مینجمنٹ کمیٹیاں ہر ماہ کم از کم دو اجلاس منعقد کریں جبکہ متعلقہ افسران خود ماڈل بازاروں کا دورہ کرکے تاجروں سے ملاقات کریں، ان کے مسائل سنیں اور ان کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں