حیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاریب اسلم کی زیر صدارت ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے ریسکیو، ریلیف اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریسکیو 1122، محکمہ انہار،w محکمہ صحت، لائیوسٹاک، لوکل گورنمنٹ، میونسپل کمیٹیز، پولیس، سول ڈیفنس، پی ڈی ایم اے، ہائی ویز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاریب اسلم نے کہا کہ مون سون بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بروقت اور مؤثر انداز میں امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔لاریب اسلم نے کہا کہ دریائی علاقوں، حفاظتی پشتوں، فلڈ بندوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے جبکہ فیلڈ افسران اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔ انہوں نے محکمہ انہار کو ہدایت کی کہ نہروں، بندوں اور حفاظتی پشتوں کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور کسی بھی کمزور مقام کی فوری مرمت کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ریسکیو 1122 حکام نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دستیاب افرادی قوت، ریسکیو بوٹس، ایمبولینسز، لائف جیکٹس، ریسکیو آلات اور دیگر وسائل بارے بریفنگ دی۔ محکمہ صحت نے ہنگامی طبی امداد، موبائل میڈیکل ٹیموں، ادویات اور ایمبولینس سروس کی دستیابی سے آگاہ کیا جبکہ محکمہ لائیوسٹاک نے مویشیوں کی حفاظت، ویکسینیشن اور ریلیف کیمپس میں ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) نے ہدایت کی کہ ممکنہ انخلاء کی صورت میں ریلیف کیمپس میں صاف پانی، خوراک، بجلی، سینی ٹیشن، طبی سہولیات اور خواتین، بچوں و بزرگوں کے لیے ضروری انتظامات پیشگی مکمل رکھے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فلڈ پلان پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور تمام وسائل کی دستیابی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ شہری افواہوں پر کان نہ دھریں، صرف مستند ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔اجلاس کے اختتام پر مختلف محکموں کی تیاریوں، دستیاب وسائل اور ہنگامی ردعمل کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں۔
