بہاولپور/رحیم یارحان
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی ایس ڈی پی او آفس احمد پور شرقیہ میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے، تھانہ سٹی اور تھانہ صدر احمد پور شرقیہ کا دورہ
بہاولپور ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین (PPM) نے ایس ڈی پی او آفس، سرکل احمد پور شرقیہ، ضلع بہاولپور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور پولیس سے متعلق اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ آر پی او بہاولپور نے شہریوں کی شکایات اور مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے بروقت، شفاف اور میرٹ پر حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایات** کے مطابق صوبہ بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بروقت، شفاف اور میرٹ کے مطابق انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دفتر میں بھی روزانہ شہریوں کے مسائل اور شکایات سنتے ہیں۔ ہر موصول ہونے والی درخواست کو باقاعدہ مارک کیا جاتا ہے، اس پر پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور مقررہ طریقہ کار کے تحت درخواست گزار سے فیڈ بیک بھی حاصل کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک باقاعدہ مانیٹرنگ ٹیم کام کر رہی ہے تاکہ ہر درخواست کو شفاف انداز میں میرٹ پر نمٹایا جا سکے۔
آر پی او بہاولپور نے ایس ڈی پی او آفس احمد پور شرقیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دفتری امور اور ریکارڈ کا جائزہ لیا۔موجودہ سیلابی صورتحال اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات اور چہلم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
آر پی او بہاولپور نے تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ اور تھانہ صدر احمد پور شرقیہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے فرنٹ ڈیسک، حوالات، مال خانہ، ریکارڈ اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور افسران و جوانوں کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، پیشہ ورانہ رویے، فوری رسپانس اور قانون کے مطابق میرٹ پر فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور اس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
