ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تحصیل لیاقت پور میں دریائے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں، فلڈ ریلیف کیمپ اور جاری ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا

Spread the love

رحیم یار خان
(آصف محمود)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تحصیل لیاقت پور میں دریائے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں، فلڈ ریلیف کیمپ اور جاری ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور غلام مرتضیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو موجودہ سیلابی صورتحال، ریسکیو آپریشن، متاثرہ آبادیوں کے محفوظ انخلا، امدادی سرگرمیوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ گل محمد، طیب بلوچ اور موضع چوہان سمیت زیر آب آنے والی بستیوں سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ امدادی و ریسکیو سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ کشتیوں اور دیگر دستیاب وسائل کے ذریعے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے رہائش، صاف پانی، معیاری خوراک، طبی سہولیات، حفظان صحت، سکیورٹی اور مویشیوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین کی ضروریات پوری کرنے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے دریائی کٹاؤ کے باعث بے نظیر شہید برج چاچڑاں شریف کی گائیڈ وال کا دورہ کیا اور اپنی موجودگی میں جاری مرمتی و حفاظتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گائیڈ وال کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور کسی قسم کے خطرے کی کوئی بات نہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ مرمتی کام جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ پل اور آمدورفت مکمل طور پر محفوظ رہے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گائیڈ وال کی تعمیر و مرمت کا کام اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور دریائی کٹاؤ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب سے متاثرہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے، دریائی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرین کو ہر ممکن امداد، ریلیف اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں، غیر ضروری طور پر خطرناک یا زیر آب علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک، این ایچ اے اور دیگر امدادی و متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کی جانوں کے تحفظ، بروقت امدادی کارروائیوں اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں