رحیم یار خان
(آصف محمود)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تحصیل خانپور کا دورہ کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے مجوزہ سپورٹس ایرینا کی تعمیر کے لیے مختص مقام، زیر تعمیر جاگنگ ٹریک اور ماڈل بازار کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خانپور افضل سکھیرا نے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں کے لیے مجوزہ سپورٹس ایرینا کے مقام کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبہ بندی میں جدید تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور نوجوانوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی معاشرے میں مثبت رجحانات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر جاگنگ ٹریک کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ شہری جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے جاگنگ ٹریک پر موجود شہریوں سے بھی ملاقات کی، ان کی آراء اور تجاویز سنیں اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ماڈل بازار خانپور کا بھی دورہ کیا جہاں موجود تاجروں اور خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے ان سے انتظامات، سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔ شہریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی سہولیات، شہری ترقی اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے، معیار پر خصوصی توجہ دی جائے اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
