وزیرآباد (نامہ نگار) وزیرآباد کے مصروف ترین داخلی مقام لاہوری دروازہ چوک کو کشادہ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ شہریوں کے مطابق چوک کے اطراف قائم تجاوزات اور غیرمنظم رکشہ اسٹینڈ کے باعث یہ اہم شاہراہ تنگ گلی کا منظر پیش کرنے لگی ہے، جس سے روزانہ ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پیدل چلنے والوں، مریضوں اور خصوصاً سول ہسپتال جانے والی ایمبولینسوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوتی ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ رکشہ ڈرائیوروں کے باہمی جھگڑے اور نامناسب رویے معمول بن چکے ہیں، جبکہ بازار میں رکشوں کا بے ہنگم داخلہ خریداروں اور راہگیروں کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے۔شہریوں کے مطابق متعلقہ ادارے اور پیرا فورس بازار میں رکشوں کے داخلے کو روکنے اور ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔سماجی و کاروباری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہوری دروازہ چوک کو فوری طور پر کشادہ کیا جائے، تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور رکشہ اسٹینڈ کو مناسب مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو، ایمبولینسوں کو بلا رکاوٹ راستہ ملے اور شہری محفوظ و سہل آمدورفت سے مستفید ہو سکیں۔
