وزیرآباد(نامہ نگار) بغیر اجازت اور بغیر این او سی گھر میں مجلس کروانے پر پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج۔ تھانہ سٹی وزیر آباد پولیس نے بغیر اجازت انتظامیہ اور این او سی کے بغیر اپنے گھر میں مذہبی مجلس کا انعقاد کرنے پر پولیس کانسٹیبل کے خلاف 16 ایم پی او (Punjab Maintenance of Public Order Ordinance) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی وزیر آباد کے اے ایس آئی اشفاق احمد پولیس ٹیم (جس میں کانسٹیبل نثار احمد اور کانسٹیبل شہزاد احمد شامل تھے) کے ہمراہ دھونکل روڈ وزیر آباد میں سرکاری گاڑی پر گشت پر موجود تھے کہ مخبرِ خاص نے اطلاع دی کہ محلہ تیلی پورہ کے مقیم مسمی ظفر عباس ولد طفیل حسین (قوم سید سکنہ کھیوے والی) حال مقیم محلہ تیلی پورہ وزیرآباد نے اپنے گھر میں مجلس کا اہتمام کر رکھا ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے محلہ تیلی پورہ پہنچ کر ارد گرد کے لوگوں اور معززین سے تصدیق کی، تو معلوم ہوا کہ ظفر عباس نے مورخہ 28 جولائی 2026 کو رات 09:30 بجے سے 10:00 بجے تک واقعی اپنے گھر میں بغیر کسی سابقہ روایت اور بغیر این او سی حاصل کیے مجلس کا انعقاد کروایا۔پولیس کے مطابق موجودہ حالات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر بغیر اجازت مجلس کروانا نقصِ امن کا باعث بن سکتا تھا۔ جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف جرم 16MPO کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
