مریم نواز کے پنجاب میں فوڈ گورننس جدید خطوط پر استوار!!

Spread the love

سکندر ملک
وزیراباد
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب میں فوڈ گورننس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اور تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تین جدید ڈیجیٹل ایپلیکیشنز متعارف کروا کے فوڈ ریگولیٹری نظام کو ٹیکنالوجی کی بنیاد پر مزید مؤثر، شفاف اور جوابدہ بنانے کی عملی بنیاد رکھ دی ہے۔

ان جدید ایپلیکیشنز کا افتتاح معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر کرن خورشید اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر اسٹار ریٹنگ ایپلیکیشن، خودکار انسپیکشن شیڈولنگ ایپلیکیشن اور کنزیومر پروٹیکشن ایپ کا باضابطہ آغاز کیا گیا جو پنجاب میں ڈیجیٹل طرزِ حکمرانی کے فروغ کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت نے سرکاری اداروں میں شفافیت، میرٹ، جدید ٹیکنالوجی اور عوامی سہولت کو بنیادی ترجیح بنایا ہے۔ انہی اصلاحات کے تسلسل میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بھی جدید ڈیجیٹل نظام سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ خوراک کی نگرانی، معائنہ اور صارفین کے تحفظ کا نظام ہر لحاظ سے مؤثر اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔

معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ انڈسٹری میں صحت مند مسابقت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سٹار ریٹنگ ایپلیکیشن کے ذریعے فوڈ بزنس کی درجہ بندی مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور جدید ڈیجیٹل ایلگورتھم کی بنیاد پر کی جائے گی جس سے معیار کو بہتر بنانے کی مثبت فضا پیدا ہوگی۔

جدید ٹیکنالوجی کا بنیادی مقصد انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا اور فیصلوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنا ہے، اس سے نہ صرف احتساب کا عمل مضبوط ہوگا بلکہ کاروباری طبقے کا اعتماد بھی بحال ہوگا اور یکساں مواقع میسر آئیں گے۔

خودکار انسپیکشن شیڈولنگ ایپلیکیشن پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیکنگ نظام میں انقلابی تبدیلی ثابت ہوگی۔ اس جدید نظام کے ذریعے انسپیکشن کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا، جس سے شفافیت میں اضافہ، وقت کی بچت اور نگرانی کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔

ڈیجیٹل نظام کے تحت اب تک چالیس ہزار سے زائد فوڈ انسپیکشنز کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں روزانہ بارہ سو سے زائد سرپرائز انسپیکشنز کی جارہی ہیں۔ یہ اعدادوشمار اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی کو عملی طور پر استعمال کرتے ہوئے خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔

کنزیومر پروٹیکشن ایپ کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ یہ ایپ عوام اور ادارے کے درمیان براہِ راست رابطے کا ایک مضبوط ذریعہ ثابت ہوگی۔ اب شہری اپنی شکایات، تجاویز اور معلومات فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے، جس سے مسائل کے بروقت حل اور عوامی اعتماد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

محکمہ محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنی پالیسی کا بنیادی حصہ بنا رہا ہے۔ ڈیجیٹل اصلاحات سے نہ صرف ریگولیٹری نظام مزید مؤثر ہوگا بلکہ ادارہ عالمی معیار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں بھی بہتر انداز میں ادا کر سکے گا۔

جدید گورننس میں ادارے کا بنیادی مقصد صرف کارروائیاں کرنا نہیں بلکہ ایسا شفاف، مؤثر اور جدید نظام تشکیل دینا ہے جس سے محفوظ خوراک ہر شہری تک پہنچ سکے۔

ڈیجیٹلائزیشن اسی ویژن کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے جو ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائے گا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور مؤثر نگرانی کے ذریعے خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گی۔ جدید ایپلیکیشنز نہ صرف افسران کی کارکردگی میں بہتری لائیں گی بلکہ فوڈ بزنسز کو بھی معیاری اصولوں پر عمل درآمد کی ترغیب دیں گی۔

اس ساری محنت کا سہرا سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر خواجہ عمیر کے سر سجتا ہے کیونکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کے باعث ادارہ جدید ٹیکنالوجی کی جانب کامیابی سے گامزن ہوا جو وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کی عملی تعبیر ہے۔

بلاشبہ یہ اصلاحات پنجاب کے فوڈ سیفٹی نظام کو ایک ایسے مرحلے میں داخل کر رہی ہیں جہاں اعتماد، معیار اور عوامی شمولیت ایک دوسرے کی تکمیل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ جب جدید ٹیکنالوجی، مضبوط انتظامی عزم اور عوامی مفاد یکجا ہو جائیں تو ادارے محض نگران نہیں رہتے بلکہ قومی ترقی کے مؤثر محرک بن جاتے ہیں۔ یہی وہ سمت ہے جو محفوظ خوراک کے تصور کو ایک مستقل، پائیدار اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ نظام میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پنجاب میں فوڈ گورننس کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنے کا یہ سفر محض تکنیکی تبدیلی نہیں بلکہ عوامی خدمت، شفافیت اور مؤثر حکمرانی کی جانب ایک جامع اصلاحاتی اقدام ہے۔ اگر یہی رفتار اور عزم برقرار رہا تو پنجاب نہ صرف محفوظ خوراک کے میدان میں نئی مثال قائم کرے گا بلکہ جدید فوڈ ریگولیشن کے حوالے سے دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید ماڈل بن کر ابھرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں