خانپور میں سیلاب سے متاثرہ مواضعات میں ضلعی انتظامیہ کا ریسکیو

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ کی ہدایت پر ضلع کی تحصیلوں لیاقت پور اور خانپور میں سیلاب سے متاثرہ مواضعات میں ضلعی انتظامیہ کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، بروقت امداد کی فراہمی، محفوظ مقامات پر منتقلی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ محکمے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر خانپور افضل سکھیرا اور اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور غلام مرتضیٰ اپنی اپنی تحصیلوں میں امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور فیلڈ میں موجود رہ کر تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ریسکیو و ریلیف اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں لوگوں اور مال مویشیوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی، ہنگامی امداد اور ریسکیو خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز ریلیف کیمپوں اور متاثرہ علاقوں میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور حفظانِ صحت کے انتظامات میں مصروف عمل ہیں۔ محکمہ ریونیو کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ، نقصانات کے ابتدائی تخمینے اور امدادی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ پیرا فورس کے اہلکار حساس مقامات پر حفاظتی انتظامات اور امدادی کارروائیوں میں معاونت کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مال مویشیوں کی دیکھ بھال، علاج معالجہ اور ویکسینیشن کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ محکمہ صحت کی میڈیکل ٹیمیں ریلیف کیمپوں اور متاثرہ بستیوں میں طبی امداد، ادویات کی فراہمی اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت اور فوری امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور ریلیف کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری طور پر سیلاب زدہ علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں