وزیرآباد (نامہ نگار)شہر وزیرآباد اور اس کے گردونواح میں صفائی کی ابتر صورتحال شہریوں کے لیے سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ گلی محلوں، بازاروں اور رہائشی آبادیوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور گندگی نے “ستھرا پنجاب ایجنسی ” مہم کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے دعووں کے باوجود زمینی حقائق اس کے برعکس نظر آتے ہیں اور کئی علاقوں میں تعفن اور بدبو کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق سابقہ بلدیاتی نظام میں تقریباً 165 خاکروب نمازِ فجر کے بعد دو تین گھنٹوں کے اندر شہر کی گلیوں اور محلوں کی صفائی مکمل کر دیتے تھے، جبکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بلدیہ دفتر سے فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صفائی نظام عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر رہا اور متعدد مقامات پر کچرے کے ڈھیر کئی کئی روز تک نہ اٹھائے جانے سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔سماجی حلقوں اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نمائشی صفائی مہم، فوٹو سیشن اور کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صفائی کے نظام کو مؤثر، جوابدہ اور عوام دوست بنایا جائے تاکہ شہر کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے۔شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ اگرچہ صفائی عملے کی تعداد میں اضافہ کیا گیا، تاہم غیر تجربہ کار نگرانی، ناقص انتظام اور کمزور منصوبہ بندی کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ عوامی سروے کے مطابق وزیرآباد اور گردونواح کے متعدد علاقوں میں صفائی کا نظام غیر تسلی بخش ہے، جس کے باعث بدبو اور تعفن میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیرآباد کے مختلف سوشل میڈیا صفحات پر گلی گورو کوٹھا، گلی سنیاریاں والی، نظام آباد اور اللہ جوایا کالونی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی زیر گردش ہیں، جن میں صفائی کی موجودہ صورتحال واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر میں صفائی کی موجودہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں، ذمہ داران کا تعین کریں اور مؤثر اقدامات کے ذریعے وزیرآباد کو صاف، ستھرا اور صحت مند شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائیں۔
