رحیم یار خان
(میاں طالب حسین )
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے شہر میں جاری خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سٹی سنٹر چوک،ش عسکری چوک کی تزئین و آرائش، واسا کی جانب سے سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ اور نیو جنرل بس اسٹینڈ پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے سٹی سنٹر چوک اور عسکری چوک پر جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے تمام ترقیاتی و آرائشی منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف، خوبصورت اور پرکشش ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے واسا کی جانب سے شہر میں سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ڈی سلٹنگ کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام اہم شاہراہوں، نشیبی علاقوں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور صفائی کے کاموں کی مسلسل نگرانی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے نیو جنرل بس اسٹینڈ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مسافروں کے لیے دستیاب سہولیات، صفائی ستھرائی، ویٹنگ ایریاز، پینے کے صاف پانی، واش رومز اور دیگر بنیادی انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بس اسٹینڈ پر آنے والے مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور صفائی، سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں اور مسافروں کو خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، صاف ستھرا ماحول، مؤثر میونسپل سروسز اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
