وزیرآباد: (نامہ نگار)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ضلع وزیرآباد کے حلقہ ایل اے 38 جموں 5 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ذیشان یونس ٹانڈا 3,280 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے اور کامیاب قرار پائے۔ضلع بھر میں قائم 24 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 21 کے نتائج موصول ہونے کے بعد مسلم لیگ (ق) کے امیدوار اکبر ابراہیم 1,444 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ جماعت اسلامی کے عمر صدیق جرال 301 ووٹوں کے ساتھ تیسرے، آزاد امیدوار مختار بیگ 200 ووٹ لے کر چوتھے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے راجہ شاہد اقبال 75 ووٹ حاصل کرکے پانچویں نمبر پر رہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حلقہ ایل اے 38 جموں 5 میں مجموعی طور پر 11,247 ووٹرز رجسٹرڈ تھے، جبکہ ووٹنگ کا تناسب تقریباً 50 فیصد رہا۔ شدید گرمی اور حبس کے باوجود مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے کارکنان نے اپنے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنوں تک لانے اور ووٹ کاسٹ کروانے کے لیے بھرپور سرگرمی دکھائی۔نواحی علاقے ڈھپئی مہتاب سنگھ میں آزاد امیدوار مختار بیگ نے اپنے آبائی پولنگ ایریا میں نمایاں حمایت حاصل کرتے ہوئے تقریباً 99 فیصد ووٹ حاصل کیے، تاہم مجموعی نتائج میں وہ چوتھے نمبر پر رہےدریں اثنا، ایل اے 42 وادی 3 کے ضلع وزیرآباد میں قائم دونوں پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید شوکت علی شاہ 138 ڈالے گئے ووٹوں میں سے 38 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے عاصم شریف 4 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ جماعت اسلامی کے سعید احمد ایڈووکیٹ 2 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔انتخابی عمل مجموعی طور پر پرامن ماحول میں مکمل ہوا، جبکہ حتمی اور سرکاری نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔
