ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کا نوشہرہ مائنر گرین بیلٹس، جاگنگ ٹریک، چلڈرن پلے ایریا اور آزاد جموں و کشمیر الیکشن پولنگ بوتھ کا دورہ

Spread the love

رحیم یار خان
(آصف محمود)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے نوشہرہ مائنر نزد عباسیہ ٹاؤن چھلاں والا تا عباسیہ پل زیر تعمیر گرین بیلٹس، جاگنگ ٹریک اور چلڈرن پلے ایریا کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، کام کے معیار، رفتار اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند، صاف ستھرا اور تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس، جاگنگ ٹریک اور چلڈرن پلے ایریا نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے بلکہ شہریوں، بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کو صحت مند سرگرمیوں کے لیے بہترین سہولیات بھی میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو معیاری تفریحی اور عوامی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ہر مرحلے کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ٹاؤن ہال رحیم یار خان میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں قائم پولنگ بوتھ کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولنگ کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات، پولنگ اسٹاف کی تعیناتی، ووٹرز کی سہولت اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انتخابی عمل کو شفاف، پرامن اور منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات ہر لحاظ سے مکمل رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابی عمل کے انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں