رحیم یار خان
میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف
رحیم یار خان: سماجی و عوامی امور کے مبصر امین زکی نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ انتظامی تقسیم، جو صرف چار صوبوں پر مشتمل ہے، ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں مؤثر ثابت نہیں ہو رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام بہتر طرزِ حکمرانی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، تاہم اس کے ساتھ جامع انتظامی اصلاحات بھی ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 24 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ صرف چار صوبوں میں تقسیم ہونے کے باعث ہر صوبے پر اوسطاً 6 کروڑ سے زائد افراد کا بوجھ ہے، جو دنیا میں غیر معمولی شرح شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی آبادی تقریباً 13 کروڑ، سندھ 6 کروڑ، خیبر پختونخوا 4 کروڑ جبکہ بلوچستان کی آبادی تقریباً ڈیڑھ کروڑ ہے، حالانکہ بلوچستان ملک کے تقریباً 48 فیصد رقبے پر مشتمل ہے۔ ان کے مطابق یہ عدم توازن وسائل کی تقسیم اور عوامی خدمات کی فراہمی میں واضح فرق پیدا کر رہا ہے۔
امین زکی نے کہا کہ مختلف ماہرین اور تھنک ٹینکس نے پاکستان میں انتظامی اصلاحات کے لیے متعدد تجاویز پیش کی ہیں، جن میں 7 سے 8، 12، 15 سے 20 یا موجودہ ڈویژنوں کی بنیاد پر 33 سے 38 انتظامی اکائیاں قائم کرنے کے ماڈلز شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تجاویز کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر اور مؤثر حکومتی نظام فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف نئے صوبے بنا دینا کافی نہیں بلکہ گورننس کے پورے نظام میں اصلاحات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق گورنر کا براہِ راست عوام کے ووٹوں سے انتخاب ہونا چاہیے تاکہ وہ صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہو، قانون ساز اسمبلی آبادی کے تناسب سے تشکیل دی جائے، وفاقی اور صوبائی کابینہ میں وزراء کی تعداد محدود رکھی جائے، جبکہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے مطابق مقامی حکومتوں کو حقیقی اختیارات منتقل کیے جائیں۔
امین زکی نے اس عمل میں درپیش چیلنجز کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم، پارلیمنٹ اور متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔ اس کے علاوہ نئی انتظامی مشینری کے قیام سے اخراجات میں اضافہ اور سیاسی یا لسانی اختلافات بھی جنم لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، نائیجیریا اور انڈونیشیا کے تجربات سے یہ سبق ملتا ہے کہ صرف چھوٹی انتظامی اکائیاں قائم کرنا کافی نہیں بلکہ مؤثر نظامِ حکمرانی بھی ضروری ہے۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ پاکستان کو اپنی انتظامی تقسیم کا ازسرِ نو جائزہ لینے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کے مطابق قومی اتفاقِ رائے، شفاف حکمرانی، عوامی فلاح، دیانت داری اور میرٹ پر مبنی پالیسیاں ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ رشوت، بدعنوانی اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ملک میں قانون کی بالادستی قائم ہو اور عوام خوشحالی کی زندگی گزار سکیں۔
