مسلسل بارشوں سے محلہ شیر شاہی میں بیوہ خاتون کے مکان کی چھت گر گئی

Spread the love

جلالپورجٹاں: (رپورٹ مرزا طارق محمود ) مسلسل بارشوں سے محلہ شیر شاہی میں بیوہ خاتون کے مکان کی چھت گر گئی، جانی نقصان سے بچاؤ، مخدوش عمارتیں انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن گئیں، چیف آفیسر بلدیہ سے فوری نوٹس کا مطالبہجلالپورجٹاں شہر اور گردونواح میں ہونے والی حالیہ مسلسل اور تیز بارشوں کے باعث محلہ شیر شاہی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک بے سہارا بیوہ خاتون کے خستہ حال مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ خوش قسمتی سے حادثے کے وقت متاثرہ خاتون اور اہل خانہ دوسرے محفوظ حصے میں موجود تھے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم غریب بیوہ کا گھر مٹی اور ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اور گھر کا قیمتی سامان ملبے تلے دب کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔عوامی اور سماجی حلقوں نے واقعے پر شدید تشویش اور متاثرہ بیوہ خاتون سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلالپورجٹاں شہر کے مختلف پرانے علاقوں اور بازاروں میں اس وقت بھی درجنوں خستہ حال اور مخدوش عمارتیں موجود ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث ان پرانی عمارتوں کی دیواریں اور چھتیں مزید کمزور ہو چکی ہیں، جس سے وہاں مقیم غریب شہریوں اور راہگیروں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔شہریوں نے چیف آفیسر بلدیہ جلالپورجٹاں اور اعلیٰ انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ شہر بھر میں مخدوش عمارتوں کا ہنگامی سروے کروایا جائے اور حادثات سے بچنے کے لیے خطرناک عمارتوں کو فوری خالی یا سیل کروایا جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، عوامی حلقوں نے حکومتِ پنجاب اور مخیر حضرات سے متاثرہ بیوہ خاتون کی فوری مالی امداد اور مکان کی دوبارہ تعمیر کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں