رحیم یار خان
(آصف محمود)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے نیازی کالونی ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا مہر اسد نے ڈپٹی کمشنر کو ڈسپوزل اسٹیشن کی استعداد، آپریشنل صورتحال اور بارشوں کے دوران کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران اور فیلڈ عملہ ہمہ وقت الرٹ رہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری مشینری اور وسائل دستیاب رکھے جائیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے بستی کہور کے قریب میگا سیوریج لائن پر کراؤن فیلئر کے مقام کا دورہ کیا اور جاری مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مرمتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ سیوریج نظام مکمل طور پر بحال ہو اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے مریم نواز ہیلتھ کلینک چک 107پی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت، معیاری اور خوش اخلاقی کے ساتھ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور حکومت پنجاب کے عوامی خدمت کے ویژن کے مطابق صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
