ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف بازاروں، اہم شاہراہوں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں کا تفصیلی دورہ

Spread the love

رحیم یار خا ن
(آصف محمود)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف بازاروں، اہم شاہراہوں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے نکاسی آب کے انتظامات اور فیلڈ میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، بلدیاتی اداروں، واسا، ستھرا پنجاب پروگرام اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔انہوں نے مختلف مقامات پر نکاسی آب کے عمل، مشینری کی دستیابی اور عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی مکمل نکاسی تک تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی بھی مقام پر پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اہم شاہراہوں، بازاروں اور انڈر پاسز سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے پر بلدیاتی اداروں، واسا، ستھرا پنجاب ایجنسی، متعلقہ محکموں کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک، مؤثر نگرانی اور بروقت اقدامات کی بدولت شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر تمام متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں، مشینری اور افرادی قوت ہر وقت تیار رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے زیر تعمیر مریم نواز سپورٹس ایرینا کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مقررہ مدت کے اندر ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں، خصوصاً نوجوانوں کو جدید اور معیاری کھیلوں کی سہولیات جلد از جلد میسر آ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں