رحیم یارخان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)
ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ پولیس افسران عوام الناس کو میرٹ و انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں، کوئی شہری مایوس نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی پی او آفس پولیس کمپلینٹ سیل میں آئے ہوئے شہریوں کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے پولیس افسران کو عہدے اور وسائل ملک و قوم کی سلامتی، معاشرتی امن و امان کے تسلسل، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور انہیں میرٹ و انصاف کی فراہمی کے لیے مہیا کیے ہیں، اب پولیس افسران پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تمام تر وسائل اور اپنی خدا داد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں جس میں میرٹ و انصاف کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہو، انہوں نے اس موقع پر شہریوں کی درخواستیں سنیں اور ان کے مسائل کے حل اور شکایات کے ازالہ کے لیے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹس طلب کر لیں۔
