وزیرآباد (نامہ نگار) شدید حبس اور گرمی کے بعد ہونے والی مسلسل موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے۔ کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ متعدد سڑکیں، چوک اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جس کے باعث شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔ مسلسل بارش کے باعث بعض سرکاری عمارتوں میں بھی بارش کا پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر پانی میں کھڑے ٹیلی فون اور دیگر لوہے کے کھمبوں میں کرنٹ آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جو شہریوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نشیبی علاقوں سے فوری نکاسیٔ آب کو یقینی بنایا جائے، بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبوں کا فوری معائنہ کیا جائے اور عوام کو غیر ضروری طور پر پانی میں داخل ہونے سے گریز کرنے کی ہدایت دی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
