
بہاولپور/رحیم یارخان
ڈویژنل بیوروچیف:
میاں طالب حسین
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری کی ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ آمد، مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
بہاولپور: پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پر پہنچ کر سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر دلی افسوس اور گہرے رنج کا اظہار کیا۔
اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
تعزیت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ، مخلص، وفادار اور نظریاتی ساتھی تھے۔ انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوامی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی وفاداری، دیانت داری اور عوام سے محبت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
بعد ازاں رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خان نے بھی ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ سے ملاقات کر کے مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، ان کے بلند درجات کی دعا کی اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
تعزیتی ملاقات کے دوران مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کی عوامی، سیاسی اور فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے لیے مغفرت و بلندیٔ درجات کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔
