5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ قیادت یکجہتی ریلی کا انعقاد ۔

Spread the love


جہلم ( بلال رضا ) 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ قیادت یکجہتی ریلی کا انعقاد ۔ ڈی سی آفس سے پریس کلب جہلم تک کیا گیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزے ریحان اور اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی کا بھی خطاب. تفصیلات کے مطابق 5 اگست “یومِ استحصالِ کشمیر” کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار اور بھارتی غصب و مظالم کی مذمت کے لیے جہلم میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کی۔
یہ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس جہلم سے شروع ہو کر روایتی راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب جہلم پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں تمام مکاتبِ فکر کے افراد، انتظامی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اساتذہ، طلباء، تاجراں اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔
اس موقع پر خطابات کرتے ہوئے ضلعی قیادت نے کشمیری عوام کے ساتھ کامل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم علیزے ریحان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کا دن بھارت کے شاطرانہ اور غیر قانونی اقدام کی یاد دلاتا ہے۔ کشمیری عوام کی بے مثال قربانیاں اور جدوجہدِ آزادی رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوامِ عالم کو بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
پریس کلب جہلم پہنچ کر ریلی کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی، شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں