سائلین کی خدمت اولین ترجیح، مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جاتے ہیں: شیخ مزمل حسین

Spread the love

رحیم یار خان
میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف

رحیم یار خان: ایڈیشنل کمشنر ریونیو آفس رحیم یار خان کے ریڈر شیخ مزمل حسین اپنی خوش اخلاقی، شائستہ رویے اور عوامی خدمت کے جذبے کی وجہ سے سائلین میں ایک اچھی شہرت رکھتے ہیں۔ ان کے دفتر آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ شیخ مزمل حسین ہر آنے والے سائل کا خندہ پیشانی سے استقبال کرتے ہیں، پہلے ادب و احترام کے ساتھ سلام دعا کرتے ہیں، انہیں بیٹھنے کی دعوت دیتے ہیں اور پانی وغیرہ پیش کرنے کے بعد ان کا مسئلہ تفصیل سے سنتے ہیں۔
شیخ مزمل حسین کا کہنا ہے کہ ان کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ دفتر آنے والے ہر سائل کے مسئلے کو قانون اور ضابطے کے مطابق جلد از جلد حل کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری دفاتر میں سہولت فراہم کرنا اور ان کی جائز رہنمائی کرنا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ مزمل حسین نے بتایا کہ بعض اوقات ایسے مستحق افراد بھی ان کے پاس آتے ہیں جن کے پاس فوٹو کاپی یا دیگر ضروری کاغذات کی تیاری کے لیے بھی رقم موجود نہیں ہوتی۔ ایسے مواقع پر وہ اپنی ذاتی حیثیت میں ان کی مالی مدد کرتے ہیں تاکہ ان کا جائز کام کسی مالی مجبوری کی وجہ سے رکا نہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس آنے والے تمام سائل ان کے لیے قابلِ احترام ہیں اور وہ ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ ان کے مسائل کو بروقت حل کیا جائے یا متعلقہ دفتر سے فوری کارروائی کروا کر انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔
شہریوں نے بھی شیخ مزمل حسین کے حسنِ سلوک، خوش اخلاقی اور عوام دوست رویے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیگر سرکاری ملازمین بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کو اپنی ترجیح بنائیں تاکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں