اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے تحت ضلع رحیم یار خان کے 107 کامیاب امیدواروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب چسین)
وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت بے زمین کاشتکاروں کو بااختیار بنانے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے شروع کیے گئے ”اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے تحت ضلع رحیم یار خان کے 107 کامیاب امیدواروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ نے عوامی نمائندوں کے ہمراہ کامیاب امیدواروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاریب اسلم، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالحنان خان، سلمان قیوم اور افضل سکھیرا سمیت عوامی نمائندگان شیخ فیاض الدین، سردار اظہر خان لغاری، میاں عامر شہباز، چوہدری محمد عمر جعفر، میاں اعجاز عامر، چوہدری ارشد، کانجی رام، میاں خالد شاہین، چوہدری اظہر شفیق، چوہدری عبدالصبور اور دیگر متعلقہ افسران و معززین نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ”اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام بے زمین کاشتکاروں کی معاشی خودمختاری اور زرعی پیداوار میں اضافے کی جانب ایک انقلابی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت مستحق اور بے زمین افراد کو پانچ ایکڑ تک زرعی زمین صرف 100 روپے فی ایکڑ سالانہ لیز پر فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ کاشتکاری کے آغاز اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 50 ہزار روپے مالی معاونت بھی دی جائے گی تاکہ مستحق افراد باعزت روزگار حاصل کرتے ہوئے اپنی معاشی حالت بہتر بنا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع رحیم یار خان میں اس اسکیم کے لیے 5 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ تمام درخواستوں کی مکمل جانچ پڑتال، سخت سکروٹنی اور شفاف طریقہ کار کے بعد 107 امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر اہل قرار دیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں کامیاب امیدواروں کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے جن میں تحصیل رحیم یار خان کے 17، صادق آباد کے 6، خانپور کے 63 اور لیاقت پور کے 18 امیدوار شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ حکومت پنجاب زرعی شعبے کی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے جدید زرعی طریقوں کو اپنائیں گے، اپنی آمدن میں اضافہ کریں گے اور قومی زرعی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب امیدواروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پروگرام کو بے زمین کاشتکاروں کے لیے امید کی نئی کرن قرار دیا اور حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں