ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت حکومت پنجاب کے کارکردگی انڈیکیٹرز (KPIs) پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت حکومت پنجاب کے کارکردگی انڈیکیٹرز (KPIs) پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، چیف افسران ضلع کونسل و میونسپل کمیٹیز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں عوامی خدمات کی فراہمی، شہری سہولیات، صفائی ستھرائی، سیوریج، آوارہ سگاں مہم، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی، خطرناک عمارتوں، گرین بیلٹس کی بحالی اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ضلع میں کوئی بھی سیوریج مین ہول ڈھکن کے بغیر موجود نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام محکمے اپنے اپنے علاقوں کا باقاعدگی سے سروے کریں اور مین ہولز پر ڈھکنوں کی سو فیصد تنصیب کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ادارے اپنی انسپکشن کا دائرہ کار مزید وسیع کریں اور ہر علاقے میں مقامی افراد پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ وہ سیوریج مین ہولز کے ڈھکنوں کی عدم موجودگی، صفائی، سیوریج مسائل، تجاوزات یا دیگر عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی کر سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی ہر شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آوارہ سگاں کے خاتمے کی مہم بلا تعطل جاری رکھی جائے اور ضلع کونسل یونین کونسل کی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت آوارہ کتوں کی تلفی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں موجود خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کر کے انہیں فوری طور پر منہدم یا مرمت کروایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ”اپنا گھر، اپنی چھت” اسکیم کے ساتھ ”اپنا گھر محفوظ چھت پروگرام” کا بھی آغاز کیا ہے۔ کمزور اور مخدوش چھتوں والے گھروں کے مالکان اس پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے آسان شرائط پر حکومت پنجاب سے قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ متعلقہ محکمے اس پروگرام کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں تاکہ مستحق شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز مقدمات درج کیے جائیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلع کی مجموعی خوبصورتی، گرین بیلٹس کی بحالی، پارکس اور عوامی مقامات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ تمام ادارے اپنی کارکردگی کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں