رحیم یار خان
( میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ڈی پی او عرفان علی سموں کے ہمراہ ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران منعقد ہونے والی مذہبی تقریبات، جلوسوں اور محافلِ میلاد کے پرامن، منظم اور شایانِ شان انعقاد کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ممبران ضلعی امن کمیٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ محکموں کے سربراہان، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، میونسپل اداروں، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس، محکمہ تعلیم سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں ربیع الاول کے دوران نکالے جانے والے جلوسوں، محافلِ میلاد، سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات، ریسکیو انتظامات، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران تمام متعلقہ محکمے مکمل باہمی رابطے، مربوط حکمت عملی اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آئیں اور تمام مذہبی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق جلوسوں اور محافل کے روٹس پر صفائی، لائٹنگ، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی سہولیات بروقت مکمل کی جائیں جبکہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر امدادی ادارے ہر وقت الرٹ رہیں۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے سرکاری و نجی سکولوں اور کالجز میں سیرت النبی ؐ کانفرنسز، سیرتِ طیبہ پر تحریری و تقریری مقابلہ جات، نعتیہ پروگرام اور دیگر بامقصد سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات اور نوجوان نسل کو حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی سیرتِ طیبہ، اسوہ حسنہ، اخلاقِ نبویؐ اور تعلیماتِ اسلام سے روشناس کرایا جا سکے اور ان میں محبتِ رسول ؐ، برداشت، اخوت اور قومی یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں نے بتایا کہ تمام جلوسوں اور محافلِ میلاد کے لیے جامع سکیورٹی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں، سرچ اینڈ سویپ آپریشن، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور مؤثر نگرانی کے ذریعے امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے محرم الحرام اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ امن کمیٹی کے اراکین نے ربیع الاول کے دوران بھی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، امن و امان اور فرقہ وارانہ یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اجلاس کے اختتام پر تمام افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے منتظمین، علمائے کرام، امن کمیٹیوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ ربیع الاول کی تمام تقریبات عقیدت، احترام، نظم و ضبط اور پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، بہترین انتظامات کی فراہمی اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
