سکندر ملک ۔
وزیرآباد مریم نواز سہولت بازار وزیرآباد میں شہریوں کو خریداری کے ساتھ جشنِ آزادی کے موقع پر قیمتی انعامات جیتنے کا موقع فراہم کر دیا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے 14 اگست کے موقع پر خصوصی قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں لاکھوں روپے مالیت کے موٹر سائیکل سمیت قیمتی گھریلو اشیاء انعامات میں دی جائیں گی۔ مریم نواز سہولت بازار میں 3 ہزار روپے تک کی خریداری کرنے والے شہری قرعہ اندازی میں شامل ہو سکیں گے، جبکہ ایک خوش نصیب دکاندار کو بھی بہترین اخلاق، بہتر سیل اور اچھی کارکردگی کی بنیاد پر موٹر سائیکل کا انعام دیا جائے گا۔سہولت بازار وزیرآباد کے انچارج عبداللہ تبسم نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہولت بازار میں شہریوں کو سرکاری مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے میں دکاندار بھی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے منعقد کی جانے والی خصوصی قرعہ اندازی 14 اگست کو شام 4 بجے تمام شہریوں اور متعلقہ افراد کی موجودگی میں شفاف طریقے سے کی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سہولت بازار کا رخ کریں اور سرکاری نرخوں پر دستیاب سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی خریداری کے ساتھ قرعہ اندازی میں بھی اپنی قسمت آزمائیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے اگلا خوش نصیب انعام آپ ہی کے نام نکلے۔عبداللہ تبسم کے مطابق سہولت بازار میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور انتظامات کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے بازار کے سٹالز اور انتظامات کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
