جہلم میں یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز، ویمن ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام پروقار تقریب، رشیدہ عزیز نے کیک کاٹا

Spread the love


جہلم ( بلال رضا
جہلم: یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کا آغاز کرتے ہوئے ویمن ویلفیئر سوسائٹی جہلم کے زیرِ اہتمام روشنی دستکاری اسکول، باغ محلہ جہلم میں خواتین اور دستکاری اسکول کی طالبات کے ساتھ ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ویمن ویلفیئر سوسائٹی کی عہدیداران، اساتذہ، معزز شخصیات اور روشنی دستکاری اسکول کی طالبات نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کی صدارت ویمن ویلفیئر سوسائٹی جہلم کی جنرل سیکرٹری مومنہ ماہرو گوندل نے کی جبکہ صدر رشیدہ عزیز مہمانِ خصوصی تھیں۔ اس موقع پر رشیدہ عزیز نے یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ طالبات نے ملی نغمے اور قومی ترانے پیش کرکے تقریب کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مومنہ ماہرو گوندل نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، تاہم آزادی کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ “پہلے اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو سمجھیں، پھر اپنے حقوق کی بات کریں۔ ایک ذمہ دار شہری ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بن سکتا ہے۔”

رشیدہ عزیز نے آزادی کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ایڈووکیٹ شازیہ نئیر نے ملکی ترقی میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ باشعور، تعلیم یافتہ اور بااختیار خواتین ایک مضبوط معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ فرح خان نے اپنے خطاب میں فرائض اور ذمہ داریوں کی اہمیت اجاگر کی، جبکہ ایڈووکیٹ مستورہ بیگم نے خوبصورت نظم پیش کی۔

پروفیسر عفت شاکر نے یومِ آزادی کے حوالے سے نوجوان نسل کو تعلیم، کردار سازی اور مثبت سوچ اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں نئی نسل کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پروفیسر شاہدہ عبداللہ نے آزادی کی قدر و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے۔

تقریب میں ایڈووکیٹ شازیہ نئیر، ایڈووکیٹ مستورہ بیگم، صدر رشیدہ عزیز، جنرل سیکرٹری مومنہ ماہرو گوندل، فرح خان، حمیدہ بانو، ٹیچر شمع، تنویر فاطمہ، پروفیسر عفت شاکر، پروفیسر شاہدہ عبداللہ، اقصیٰ اور دیگر معزز خواتین نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی آزادی کی قدر کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں