
جہلم (بلال رضا): عوام میں کرپشن کے منفی اثرات، شفافیت اور دیانت داری کی اہمیت اجاگر کرنے اور معاشرے کو بدعنوانی کے خاتمے کے لیے متحرک کرنے کے مقصد سے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال جہلم کے زیرِ اہتمام کرپشن کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کا آغاز دفتر 15 سے ہوا جو شاندار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق، واک کی قیادت اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم کی محترمہ علینہ خضر بوسال، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال جہلم خضر حیات خان، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن جہلم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جہلم سہیل ناصر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جہلم علیم یوسف نے کی۔ واک میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران و اہلکاران، این جی اوز کے نمائندگان، طلبہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے کرپشن کے خلاف آگاہی پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
مقررین نے کہا کہ بدعنوانی معاشرتی و اقتصادی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، جس کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ سول سوسائٹی اور عام شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں کرپشن کے منفی اثرات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے، شفافیت کو فروغ دینے اور دیانت داری کو معاشرتی اقدار کا حصہ بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔
شرکاء نے کرپشن کے خلاف جاری کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرنے اور معاشرے میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ واک کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے کرپشن فری پنجاب کے وژن اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی قیادت میں بدعنوانی کے خلاف جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے شفاف، دیانت دار اور کرپشن فری پنجاب کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
