مانچسٹر: پاکستان مسلم لیگ (ن) گریٹر مانچسٹر کے سیکرٹری جنرل راجہ عاصم پکھڑال نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو 14 اگست کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے عظیم رہنماؤں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی موجودہ معاشی اور عوامی فلاحی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پاکستان بتدریج ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
راجہ عاصم پکھڑال نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت قومی معیشت کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، جن کی پاکستان مسلم لیگ (ن) گریٹر مانچسٹر مکمل حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، قومی یکجہتی کو فروغ دیں اور پاکستان کی مثبت شناخت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔
آخر میں راجہ عاصم پکھڑال نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے اور قوم کو اتحاد و اتفاق کی نعمت سے مالا مال رکھے۔ آمین۔
