ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا اجلاس منعقد

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی نمائندگان میاں امتیاز احمد، میاں عامر شہباز، چوہدری عمر جعفر، جام مختیار احمد، سردار عون لغاری سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات اور مختلف شعبہ جات میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات میں جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تکمیل کی رفتار اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کچہ کے علاقوں کی پائیدار ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے دیے گئے کچہ ڈویلپمنٹ پیکج پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکاء کو پیکج کے تحت مختلف شعبوں میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، عوامی ضروریات اور منصوبوں کی ترجیحات سے آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اجلاس کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی وژن کے مطابق ضلع میں عوامی مفاد کے منصوبوں کو مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کچہ ڈویلپمنٹ پیکج حکومت پنجاب کی جانب سے کچہ کے عوام کی محرومیوں کے ازالے اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ پیکج کے تحت سڑکوں، تعلیم، صحت، صاف پانی، نکاسی آب، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق منصوبوں کو عوامی ضروریات اور مقامی ترجیحات کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے، فیلڈ میں عملی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے اور منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔
اجلاس میں عوامی نمائندگان نے ضلع کے مختلف علاقوں بالخصوص کچہ کے عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا اور مختلف منصوبوں کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے عوامی نمائندگان کی تجاویز کو اہمیت دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ان پر قواعد و ضوابط کے مطابق عملدرآمد اور قابلِ عمل تجاویز کو ترقیاتی ترجیحات میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، عوامی نمائندگان اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے نہایت ضروری ہے۔ مشترکہ کاوشوں سے نہ صرف جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکتا ہے بلکہ ضلع کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، معیارِ تعمیر کی نگرانی، عوامی نمائندگان کی تجاویز، کچہ ڈویلپمنٹ پیکج اور ضلع میں جاری مختلف شعبہ جات کے ترقیاتی امور سے متعلق متعدد اہم امور پر غور کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں