رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع رحیم یار خان کی مجموعی خوبصورتی، قومی شاہراہ سمیت اہم شاہراہوں کی تزئین و آرائش، شجرکاری، صفائی ستھرائی اور شہری مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کو خوبصورت، صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف اقدامات جاری ہیں، جبکہ اس ضمن میں تاجر برادری اور سول سوسائٹی کا تعاون بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ ضلع کا اہم داخلی و خارجی راستہ ہونے کے ساتھ ساتھ رحیم یار خان کے حسن اور مثبت تشخص کی عکاسی کرتی ہے، اس لیے اس کی خوبصورتی اور گرین بیلٹس کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ قومی شاہراہ کے درمیان دستیاب جگہوں پر خوبصورت اور ماحول دوست پودے لگانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے اور لگائے جانے والے پودوں کی مناسب دیکھ بھال، پانی کی فراہمی اور حفاظت کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری صرف پودے لگانے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ان کی نگہداشت اور افزائش کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ یہ اقدام دیرپا اور مؤثر ثابت ہو۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، تاجر برادری اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی اشتراک سے قومی شاہراہ اور شہر کے اہم مقامات کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے مربوط اقدامات کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کی خوبصورتی، گرین بیلٹس کی بحالی، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔ملاقات کے دوران تاجر برادری کی جانب سے شہری مسائل، ٹریفک، صفائی، تجاوزات، کاروباری سرگرمیوں اور دیگر عوامی نوعیت کے امور بھی ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ محکموں کو قابلِ عمل تجاویز اور مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کاروباری برادری کو سازگار ماحول کی فراہمی، شہری سہولیات میں بہتری اور عوامی مسائل کے فوری ازالے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، انتظامیہ اور تاجر برادری کے باہمی تعاون سے ضلع کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ شہر کو مزید خوبصورت، سرسبز اور مثالی بنایا جا سکتا ہے۔تاجر برادری کے نمائندگان نے ضلع کی خوبصورتی اور قومی شاہراہ کی تزئین و آرائش کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
