دارالامان جہلم میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، کیک کاٹ کر پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا

Spread the love


جہلم: ( بلال رضا ) ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں دارالامان جہلم میں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادارے کی انتظامیہ، ٹیم اور رہائشی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر دارالامان یسرا جاوید اعوان اور سوشل ایکٹوسٹ و خواتین رہنما مومنہ ماہرو گوندل نے ادارے کی ٹیم اور دارالامان میں مقیم خواتین کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن و سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تقریب میں سوشل ایکٹوسٹ مومنہ ماہرو گوندل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور رہائشی خواتین سے اخلاقیات، مثبت رویوں، باہمی احترام، برداشت اور معاشرے میں ذمہ دارانہ کردار کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صرف ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ اس کا اصل تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے کردار، رویوں اور ذمہ داریوں کے ذریعے ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر یسرا جاوید اعوان نے کہا کہ دارالامان میں رہائش پذیر خواتین کو محفوظ، باعزت اور معاون ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ یومِ آزادی کی ایسی تقریبات خواتین میں امید، خود اعتمادی اور معاشرے سے مثبت تعلق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں