آزادی کا جشن، قومی یکجہتی کا پیغام جلالپورجٹاں میں 14 اگست کی پروقار تقریب

Spread the love


(رپورٹ مرزا طارق محمود)
14 اگست محض کیلنڈر پر درج ایک تاریخ نہیں بلکہ یہ وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن کی صورت میں اپنے خواب کو حقیقت بنتے دیکھا۔ یومِ آزادی ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے حصول کے لیے دیں جلالپورجٹاں میں بھی اس قومی دن کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ میونسپل کمیٹی جلالپورجٹاں کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں دعائیہ تقریب، قومی پرچم کشائی اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ شہر کے سیاسی، سماجی، کاروباری حلقوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے وطن سے محبت کا اظہار کیاتقریب کی قیادت چیف افسر چوہدری نوید اشرف اور ان کی ٹیم نے کی۔ انتظامات سے یہ بات واضح تھی کہ میونسپل کمیٹی نے یومِ آزادی کو محض ایک رسمی تقریب تک محدود رکھنے کے بجائے اسے قومی جذبے اور عوامی شرکت کا موقع بنانے کی کوشش کی۔ ریلی میں شہریوں نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا کو گرما دیا۔اس موقع پر ایس ایچ او سٹی اور ان کی ٹیم کی موجودگی بھی قابلِ ذکر رہی۔ کسی بھی عوامی اور قومی تقریب میں سکیورٹی کا مؤثر انتظام شہریوں کو پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے، اور پولیس اہلکاروں نے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے تقریب کے انتظامات میں معاونت کی۔
تاہم یومِ آزادی کا اصل پیغام صرف جھنڈے لہرانے، ریلیاں نکالنے اور نعرے لگانے تک محدود نہیں۔ آزادی دراصل ایک ذمہ داری کا نام ہے۔ ایک آزاد ملک کے شہری ہونے کی حیثیت سے ہمارا فرض ہے کہ ہم قانون کا احترام کریں، اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں، دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں اور اپنے شہر و ملک کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں جلالپورجٹاں جیسے شہروں کی ترقی بھی اسی وقت ممکن ہے جب سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی نہ بنایا جائے، کاروباری طبقہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرےنوجوان مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنیں اور سرکاری ادارے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کریں۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا درس دیا تھا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان اصولوں کو صرف تقریروں تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں14 اگست ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو صرف ایک آزاد ملک نہیں بلکہ ایک مضبوط، پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
پرچم ہمیشہ بلند رہےپاکستان ہمیشہ سلامت رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں