رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے حکومت پنجاب کی (OSR) اسکیم کے تحت تحصیل لیاقت پور کے مختلف علاقوں شیدانی شریف، جن پور اور ترنڈہ محمد پناہ کا دورہ کیا اور او ایس آر کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، معیار اور رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں کا موقع پر معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے منصوبوں کی مجموعی پیش رفت، تکمیل کی مدت، تخمینہ لاگت، استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل اور فیلڈ میں درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔انہوں نے شیدانی شریف، جن پور اور ترنڈہ محمد پناہ میں ری کنسٹرکشن و کارپٹ روڈز، ٹف ٹائل، نشیبی علاقوں میں سیوریج نظام کی بحالی اور دیگر بنیادی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو منظور شدہ ڈیزائن، تخمینوں اور محکمانہ و تعمیراتی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔
ڈویژنل کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے واضح کیا کہ (OSR) کے تحت دستیاب وسائل عوامی فلاح اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان وسائل کو شفاف، مؤثر اور عوامی مفاد میں استعمال کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ او ایس آر کے تحت جاری منصوبوں میں معیار، شفافیت اور مقررہ مدت کی تکمیل کو بنیادی ترجیح بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی، ٹف ٹائل اور سیوریج جیسے منصوبے براہ راست عوام کی روزمرہ زندگی سے متعلق ہیں، اس لیے ان منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر منصوبوں کی مسلسل نگرانی کریں اور کام کے معیار و رفتار سے متعلق باقاعدگی سے رپورٹ پیش کریں۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ناقص یا غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے تمام مراحل کی مانیٹرنگ اور کوالٹی کنٹرول کے مؤثر نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری وسائل کا بہترین استعمال اور دیرپا ترقیاتی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے بالخصوص نشیبی علاقوں میں سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی بحالی کو اہم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محض عارضی بنیادوں پر مسائل کے حل کے بجائے پائیدار اور مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ شہریوں کو بار بار نکاسی آب کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے، کام کی رفتار میں بہتری لائی جائے اور تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ عوامی سہولیات کے معیار کو بھی یقینی بنائیں۔
بعد ازاں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے حب اینڈ سکوپ ظاہر پیر ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے کے انتظامات، صفائی ستھرائی اور دیگر عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات، ادویات، طبی عملے کی موجودگی اور علاج معالجے کے انتظامات کے بارے میں متعلقہ حکام سے بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، مریضوں کے لیے سہولیات اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈویژنل کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہسپتال آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کے دوران کسی قسم کی غیر ضروری دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کی مؤثر فراہمی، صفائی کے بہترین انتظامات اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ ناگزیر ہے۔ متعلقہ افسران باقاعدگی سے ہسپتال کا دورہ کریں، طبی سہولیات کا جائزہ لیں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اداروں کی نگرانی کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، سرکاری وسائل کے شفاف و مؤثر استعمال اور حکومتی اقدامات کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بناتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈی نیشن کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد بھی ان کے معیار اور افادیت کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
