رحیم یار خان
( میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( میونسپل سروسز) ملک فاروق احمد کی زیرِ صدارت حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کارکردگی انڈیکیٹرز (KPIs) پر عملدرآمد اور ضلعی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، جاری اقدامات اور مقررہ اہداف کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو حکومت پنجاب کے مقرر کردہ انڈیکیٹرز کی روشنی میں جانچا گیا۔ اس موقع پر صفائی ستھرائی، شہری سہولیات کی فراہمی، تجاوزات کے خاتمے، گرین بیلٹس کی بحالی و خوبصورتی، سڑکوں اور عوامی مقامات کی صفائی، نکاسی آب، پارکس کی دیکھ بھال، میونسپل سروسز کی مؤثر فراہمی اور دیگر عوامی فلاحی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ملک فاروق احمد نے افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے کارکردگی انڈیکیٹرز پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام محکمے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر، بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی ہے، اس لیے افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بناتے ہوئے عوامی مسائل کے فوری حل پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر رکھا جائے اور شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ افسران فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے میونسپل سروسز سے متعلق منصوبوں اور سرگرمیوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے، فیلڈ کارکردگی کی تصاویر اور دیگر ضروری شواہد بروقت مرتب کرنے اور حکومتی کارکردگی انڈیکیٹرز کے مطابق ڈیٹا کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسیوں اور عوامی فلاحی پروگرامز کے ثمرات شہریوں تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، شفافیت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کارکردگی انڈیکیٹرز کی مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے نہ صرف اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ عوام کو فراہم کی جانے والی میونسپل اور دیگر بنیادی سہولیات کے معیار میں بھی نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے مستقل حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کی جائیں۔
