وزیرآباد: (نامہ نگار) سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں، وزیرآباد میں بیوٹیفیکیشن کے نام پر تاجروں کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے، واسا کی جانب سے بھاری یوٹیلیٹی بلوں کی وصولی اور ضلعی انتظامیہ کے ماتحت متعدد اداروں کی ناقص کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھے بغیر کیے جانے والے فیصلوں سے حکومت کے ووٹ بینک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ غلط مشورے دینے والے مشیروں پر انحصار کرنے کے بجائے عوامی نمائندوں اور شہریوں کی آواز سنے اور فیصلوں پر نظرثانی کرے۔وزیرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانا ہمارا دینی اور اخلاقی فرض ہے۔ بلدیہ کے دور میں شہری اپنے واجبات باقاعدگی سے ادا کر رہے تھے، تاہم اب واسا کے قیام کے بعد شہریوں کو ایسی کوئی نئی سہولت میسر نہیں آئی جس کی بنیاد پر ان پر بھاری بھرکم بل عائد کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک وزیرآباد ضلع مکمل طور پر فعال نہیں ہوتا، واسا کے قیام اور اس کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات موجود رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیرآباد میں تاحال معمولی نوعیت کے سرکاری امور کے لیے بھی شہریوں کو گوجرانوالہ جانا پڑتا ہے۔ ایسے حالات میں پہلے وزیرآباد کو مکمل ضلع کے طور پر فعال کیا جائے، ڈپٹی کمشنر سمیت ضلعی افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع مکمل فعال ہونے تک واسا کی ضرورت ہی نہیں، جبکہ واسا کی جانب سے بھیجے جانے والے بھاری بل شہریوں کے لیے ایک اضافی بوجھ بن گئے ہیں۔ڈاکٹر نثار چیمہ نے کہا کہ جن گھروں تک واٹر سپلائی کی سہولت ہی فراہم نہیں کی جا رہی، ان کے مکینوں سے پانی کے بل وصول کرنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا کے ایم ڈی سے بھی اس معاملے پر بات ہوئی اور انہیں بتایا گیا کہ بلوں کے لیے کیا جانے والا سروے درست نہیں۔ ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد ان کے پاس آ کر اپنی شکایات پیش کریں، تاہم ڈاکٹر نثار چیمہ نے سوال اٹھایا کہ کیا تیس ہزار متاثرہ شہریوں کو واسا کے دفتر بھیجا جا سکتا ہے؟ ضرورت اس امر کی ہے کہ ادارہ خود زمینی حقائق کا جائزہ لے اور غلط سروے کی اصلاح کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ واسا کو بل بھیجنے کا اختیار ہی نہیں اور وزیرآباد ضلع کے مکمل فعال ہونے تک واسا کے وجود سے متعلق قانونی و انتظامی سوالات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو وہی دسمبر 2025 والے بل بھیجے جائیں جو وہ پہلے بلدیہ کو ادا کرتے رہے ہیں، جبکہ نئے اور غیرضروری مالی بوجھ سے عوام کو بچایا جائے۔ٹھیکیداری نظام کے حوالے سے ڈاکٹر نثار چیمہ نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر سرکاری اداروں کو ٹھیکے پر دینے کے حق میں نہیں ہیں۔ ان کے بقول سرکاری اداروں کو بہتر کیا جائے، ان میں قابل اور دیانتدار افسر و ملازمین تعینات کیے جائیں اور انہیں ضروری وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ عوام کی خدمت کر سکیں۔ پرائیویٹ اداروں کا بنیادی مقصد کاروبار اور منافع کمانا ہے، اس لیے ہر شعبے کو نجی ہاتھوں میں دینا مناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے گاؤں کی کئی لڑکیوں نے ایم فل تک تعلیم حاصل کر رکھی تھی، لیکن ایک ادارے کی نجکاری کے بعد انہیں فارغ کر کے کم تنخواہوں پر نئے اساتذہ رکھ لیے گئے۔ اگر انہیں موقع ملتا تو وہ یہ معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس میں ضرور لاتے اور انہیں یقین ہے کہ زمینی حقائق سامنے آنے پر وزیراعلیٰ اپنے فیصلے پر نظرثانی کر سکتی تھیں۔میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ان کی دیانتدارانہ رائے میں وزیراعلیٰ کو اس منصوبے کے بارے میں غلط مشورہ دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سو ارب روپے کی رقم بڑے پیمانے کے ایک منصوبے پر خرچ کرنے کے بجائے مختلف علاقوں میں سڑکوں، ٹرانسپورٹ، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں پر خرچ کی جاتی اور دیہی ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جاتا تو عوام کو کہیں زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکتی تھیں۔ڈاکٹر نثار چیمہ نے وزیرآباد میں دکانیں سیل کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکانیں سیل کرنا ظلم اور غلط پالیسی ہے۔ افسران عوام کے خادم ہوتے ہیں، انہیں عوام کے مسائل حل کرنے چاہئیں، نہ کہ ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے شہریوں اور تاجروں کی مشکلات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیوٹیفیکیشن ضرور ہونی چاہیے، مگر اس کے ساتھ عوام کے بنیادی حقوق اور روزمرہ مشکلات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔وزیرآباد میں بیوٹیفیکیشن کے لیے بلدیہ کے مبینہ 36 کروڑ روپے کے بجٹ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی ضروری ہے، تاہم عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کیے بغیر محض خوبصورتی کے منصوبوں پر توجہ دینا مناسب نہیں۔ پہلے شہریوں کو بنیادی سہولیات، صاف پانی، بہتر صفائی، صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کی جائیں، اس کے بعد دیگر منصوبوں پر توجہ دی جائے۔ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی پر بھی انہوں نے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسے اداروں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لینا چاہیے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں صفائی کی سہولت میسر آ سکے۔ڈاکٹر نثار چیمہ نے کہا کہ حقیقی منتخب نمائندگان پر حکومت کو اعتماد کرنا چاہیے اور عوام کے مسائل اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے کے لیے ان کی بات سنی جانی چاہیے۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں منتخب نمائندگان دلائل کے ساتھ بات کرتے تھے تو وہ بات سنتے اور بعض اوقات اپنا فیصلہ بھی واپس لے لیتے تھے۔ موجودہ حکومت کو بھی چاہیے کہ عوامی نمائندوں کی آراء اور زمینی حقائق کو اہمیت دے۔وزیرآباد کو ضلع بنائے جانے کے باوجود مکمل فعال نہ ہونے کے سوال پر ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے کہا کہ وزیرآباد ضلع کو مکمل فعال کیا جانا چاہیے اور اسے گوجرانوالہ ڈویژن میں شامل کیا جائے تاکہ انتظامی معاملات بہتر انداز میں چل سکیں اور شہریوں کو اپنے چھوٹے بڑے کاموں کے لیے گوجرانوالہ کا رخ نہ کرنا پڑے۔آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے امکانات سے متعلق سوال پر ڈاکٹر نثار چیمہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس وقت تک حکومت اپنی کارکردگی بہتر کر لے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے اپنی پالیسیوں میں بہتری لائے گی۔آخر میں ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے غلط مشورے دینے والے مشیروں کے بجائے عوامی نمائندوں اور شہریوں کی آواز سنیں، واسا کے بھاری بلوں، تاجروں کے خلاف کارروائیوں، صفائی کے ناقص انتظامات اور دیگر عوامی مسائل کا فوری نوٹس لیں تاکہ عوام کو حقیقی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور میاں نواز شریف کے ووٹ بینک کو کسی غلط پالیسی کے باعث نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی منتخب نمائندگان اور حکومت کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اللہ کرے وہ وقت آئے جب نمائندے حقیقی معنوں میں منتخب ہو کر آئیں اور حکومت بھی ان پر مکمل اعتماد کرے۔
