سکندر ملک ۔
وزیر اباد تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے میں نجی شعبہ انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے، نجی تعلیمی ادارے نہ صرف معیاری تعلیم کی فراہمی بلکہ طلبہ کی کردار سازی، تخلیقی صلاحیتوں کے نکھار اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن نے ہمیشہ نجی شعبہ سے وابستہ اسکولز و کالجز کی انتظامیہ، اساتذہ اور مالکان کے حقوق کے تحفظ، تعلیمی معیار کی بہتری اور جدید علوم کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے مرکزی صدر حافظ محمد بشارت نے پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن ضلع وزیرآباد کے زیر اہتمام نجی ریستوران میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سرپرست اعلیٰ پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن حاجی اشفاق احمد وڑائچ، صدر پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن ضلع وزیرآباد سر محمد فیاض ایڈووکیٹ، جمشید چٹھہ، صابر حسین بٹ، عرفان یوسف، ،کرنل ریٹائرڈ ساجد باگڑی،محمد عمران بھٹی،میجر ریٹائرڈ طارق ، زاہد نوید ،محمد حسین مرزا،رانا دلشاد، محمد سعود ،عبدالصمد بٹ،ڈاکٹر جمشید علی ،بلال وزیرچیمہ،ڈاکٹر ظہیر ،انیس جعفری، سجاد مدنی، محمد شہزاد، مظہر حسین، جمشید سلطان گھمن ایڈووکیٹ، محمد فاروق مرزا، قیصر انور بٹ سمیت نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں ضلع وزیرآباد اور تحصیل وزیرآباد کی سال 2026/27کی نئی تنظیمات پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے عہدیداران سے حلف وفاداری لیا گیا ۔حافظ محمد بشارت نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا راستہ تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جو محض کتابی علم منتقل نہیں کرتے بلکہ طلبہ کی شخصیت، کردار اور سوچ کی تعمیر بھی کرتے ہیں۔ ایک بہترین استاد اپنے شاگرد کی صلاحیتوں کو پہچان کر اسے کامیابی کی راہ دکھاتا ہے، اسی لیے اساتذہ کی محنت اور خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کے ساتھ نجی تعلیمی ادارے بھی ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ نجی شعبہ تعلیمی میدان میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ جدید تدریسی طریقوں، ٹیکنالوجی، مسابقتی ماحول اور معیاری تعلیمی سہولیات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ حکومت، نجی اداروں، اساتذہ اور والدین کے باہمی تعاون سے ہی نئی نسل کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی اشفاق احمد وڑائچ اور سر محمد فیاض ایڈووکیٹ نے کہا کہ ضلع وزیرآباد کے نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے حالیہ میٹرک امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ضلع کا نام روشن کیا ہے۔ تین ہونہار طلبہ و طالبات نے 1174 نمبر حاصل کیے، جبکہ تقریباً 100 طلبہ نے 1100 سے زائد نمبر حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ یہ کامیابی طلبہ کی محنت، اساتذہ کی انتھک کاوشوں، والدین کی توجہ اور تعلیمی اداروں کی مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہےانہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے نتائج میں ضلع وزیرآباد کے نجی تعلیمی اداروں کی نمایاں کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے طلبہ میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو بہتر تعلیمی ماحول، جدید علوم اور قابل و محنتی اساتذہ کے ذریعے مزید پروان چڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ اگر ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط رابطہ رکھتے ہوئے بچوں کی تعلیمی و اخلاقی تربیت پر توجہ دیں تو معاشرے کو باصلاحیت، باکردار اور ذمہ دار شہری فراہم کیے جاسکتے ہیں۔ طلبہ کی کامیابی میں والدین کی حوصلہ افزائی، اساتذہ کی رہنمائی اور اداروں کا تعلیمی ماحول بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔تقریب کے اختتام پر میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے تعلیمی اداروں کو تعریفی اسناد جبکہ پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کے سربراہان کو تحائف بھی دیے گئے۔ شرکاء کے اعزاز میں بہترین اور پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
