بہاولپور
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
بہاولپور: عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بہاولپور ریجن میں فول پروف سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ 12 ربیع الاول کو ریجن بھر میں مجموعی طور پر 195 میلاد پروگرامز اور جلوس منعقد ہوں گے، جن کی سکیورٹی کے لیے 2631 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ یہ بات ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے جاری بیان میں کہی۔
آر پی او بہاولپور کے مطابق ضلع بہاولپور میں 88 میلاد پروگرامز و جلوس کی سکیورٹی کے لیے 601 پولیس اہلکار، ضلع بہاولنگر میں 47 پروگرامز و جلوس کے لیے 575 اہلکار جبکہ ضلع رحیم یار خان میں 60 میلاد پروگرامز و جلوس کی سکیورٹی کے لیے 1455 پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ریجن بھر میں سکیورٹی ڈیوٹی پر 28 گزیٹیڈ افسران، 54 انسپکٹرز، 171 سب انسپکٹرز، 270 اے ایس آئیز، 280 ہیڈ کانسٹیبلز، 1678 کانسٹیبلز اور 150 ایلیٹ پولیس فورس اہلکار تعینات ہوں گے۔
غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ حساس مقامات، جلوسوں، میلاد محافل اور دیگر پروگرامز پر اضافی نفری تعینات کرکے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ جلوسوں کے روٹس، میلاد پروگرامز کے مقامات اور دیگر حساس پوائنٹس پر پولیس کی خصوصی نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی انتظامات کی مؤثر مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔
آر پی او بہاولپور نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان کا قیام پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سکیورٹی ڈیوٹی پوری ذمہ داری، الرٹ رہتے ہوئے اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔
