ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا

Spread the love

رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں دستیاب سکول انفراسٹرکچر، اساتذہ کی دستیابی و کارکردگی، طلبہ کے امتحانی نتائج سمیت دیگر تعلیمی، انتظامی اور مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی رانا اعظم نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف شعبہ جات میں جاری اقدامات اور محکمہ تعلیم کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اجلاس میں ضلع بھر کے سکولوں میں بنیادی سہولیات، کلاس رومز، عمارتوں کی حالت، پینے کے صاف پانی، واش رومز، بجلی، فرنیچر اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو سازگار اور محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اساتذہ کی حاضری، دستیابی اور تدریسی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، لہٰذا سرکاری سکولوں میں تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اساتذہ اور دیگر عملہ اپنی ذمہ داریاں باقاعدگی سے اور پوری ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں جبکہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں طلبہ کے حالیہ امتحانی نتائج کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جن سکولوں کے نتائج تسلی بخش نہیں رہے وہاں اساتذہ کا احتساب اور کمزور طلبہ کی نشاندہی کرتے ہوئے خصوصی تعلیمی معاونت اور اضافی تدریسی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیمی استعداد میں بہتری اور امتحانی نتائج میں نمایاں اضافے کے لیے سکول سربراہان اور اساتذہ کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ہم نصابی سرگرمیوں، کردار سازی اور مثبت سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ کی شخصیت سازی، نظم و ضبط اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا بھی تعلیمی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم کے انتظامی اور مالی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی و غیر ترقیاتی امور میں مالیاتی قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق ضروری اخراجات اور سہولیات کی فراہمی کے معاملات میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔انہو نے کہا کہ حکومت پنجاب کی تعلیم کے شعبہ میں بہتری اور سرکاری سکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ محکمہ تعلیم کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سکولوں کی کارکردگی، سہولیات اور تعلیمی نتائج کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے اور جہاں بہتری کی ضرورت ہو وہاں فوری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں سرکاری تعلیمی اداروں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلہ میں تمام متعلقہ افسران باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم کے دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی اور ضلع کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں