
زیب جعفر نے اسلام آباد میں سلور گولڈ کاروباری مرکز کا افتتاح کر دیا
رحیم یار خان میاں طالب حسین (ڈویژنل بیوروچیف)
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اقتصادی امور و رکن قومی اسمبلی محترمہ زیب جعفر نے اسلام آباد کے ایک مقامی مال میں قائم نئے کاروباری مرکز “سلور گولڈ” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں کاروباری شخصیات، اہل خانہ، عزیز و اقارب اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
محترمہ زیب جعفر نے افتتاح کے موقع پر کاروباری مرکز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات، مصنوعات اور کاروباری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سلور گولڈ کے قیام پر اس کے مالک حاجی محمد ظفر میکن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کاروباری مرکز صارفین کو معیاری مصنوعات اور بہتر سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر سلور گولڈ کے اونر حاجی محمد ظفر میکن، ان کے صاحبزادے منیب ظفر میکن سمیت خاندان کے دیگر افراد، عزیز و اقارب اور دوست احباب بھی موجود تھے۔ شرکاء نے محترمہ زیب جعفر کی آمد اور افتتاح میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے دوران کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، معیاری مصنوعات کی فراہمی اور نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ نئے کاروباری مراکز کا قیام نہ صرف صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرتا ہے بلکہ روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر سلور گولڈ کی کامیابی، کاروبار میں برکت اور مزید ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ شرکاء نے حاجی محمد ظفر میکن اور ان کے اہل خانہ کو نئے کاروباری سفر کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔
