رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے نوشہرہ مائنر اپ گریڈیشن منصوبہ کا موقع پر دورہ کیا اور چھلاں والا تا عباسیہ پل نوشہرہ مائنر کے اطراف جاری تزئین و آرائش، خوبصورتی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، چیف آفیسر رانا محمود علی، ایکسین یاسر علی سمیت متعلقہ افسران و حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبہ پر جاری ترقیاتی کاموں، پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چھلاں والا تا عباسیہ پل نوشہرہ مائنر کے اطراف گرین بیلٹس کی تیاری، واکنگ ٹریک، چلڈرن پلے ایریا سمیت دیگر شہری و تفریحی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات جاری ہیں۔ منصوبے کا مقصد نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول میں تفریح، واک اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنا بھی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے جاری کاموں کا موقع پر معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام اجزا کو اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے گرین بیلٹس کی مناسب دیکھ بھال، شجرکاری، واکنگ ٹریک کی پائیداری، چلڈرن پلے ایریا میں حفاظتی تقاضوں اور دیگر شہری سہولیات کے معیار کو خصوصی طور پر ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی، ماحول کی بہتری اور شہر کی خوبصورتی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ نوشہرہ مائنر کے اطراف جاری اپ گریڈیشن سے شہریوں کو بہتر تفریحی و عوامی سہولیات میسر آئیں گی جبکہ علاقے کی مجموعی خوبصورتی اور ماحول بھی مزید بہتر ہوگا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کے ساتھ کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے گی اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
