ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے موضع کچہ چوہان میں دریائے سندھ کے کٹاؤ سے متاثرہ شیخ خلیفہ برج کا موقع پر معائنہ کیا

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین )
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے موضع کچہ چوہان میں دریائے سندھ کے کٹاؤ سے متاثرہ شیخ خلیفہ برج کا موقع پر معائنہ کیا۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو دریا کے کٹاؤ، پل کے قریب پیدا ہونے والی صورتحال، حفاظتی اقدامات اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود متعلقہ حکام سے دریائے سندھ کے بہاؤ، کٹاؤ کی شدت اور شیخ خلیفہ برج کے انفراسٹرکچر پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پل اور اس سے ملحقہ سڑکوں و دیگر انفراسٹرکچر کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ دریائے سندھ کے کٹاؤ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا تکنیکی بنیادوں پر جائزہ لیتے ہوئے فوری اور مستقل نوعیت کے حفاظتی اقدامات تجویز کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال اور اہم مواصلاتی رابطوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلہ میں کسی بھی ممکنہ خطرے کو نظر انداز نہ کیا جائے۔انہو نے مزید ہدایت کی کہ دریائی کٹاؤ کی صورتحال میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے، جبکہ متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہیں اور تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ کے کٹاؤ سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شیخ خلیفہ برج سمیت دریائے سندھ کے کنارے واقع دیگر اہم مقامات کا بھی باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے جامع رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو پیش کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں